عدالتی نظام کو ڈیجیٹل بنا رہے ہیں: چیف جسٹس قاسم خان

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ انصاف کی جلد فراہمی کے لیے عدالتی نظام کو ڈیجیٹل بنا رہے ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کی زیرِ صدارت ملتان میں بہاولپور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے کہا کہ نئے ای سسٹم میں وکلاء اور ججز ویڈیو لنک سے رابطے میں ہوں گےانہوں نے کہا کہ نئے نظام میں وکیل صرف سافٹ کاپی جمع کرائے گا اور وکیل کے رجسٹرڈ موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس پر مزید خط و کتابت ہو گی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ جدید سسٹم میں وقت لگے گا، جس کا مقصد تمام معاملات میں شفافیت لانا ہے، ہماری سب سے بڑی ترجیح زیرِ التواء مقدمات کو نمٹانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب نے ہماری ہدایت پرغریب اور مستحق وکلاء کے لیے ہر ڈسٹرکٹ بار کو 60 لاکھ جب کہ ہائی کورٹ بارز کو 75 لاکھ روپے دئیے ہیں۔

Courtesy Jang News