توفیق عمر نے کورونا وائرس کو شکست دے دی

سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔ ان کا کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ توفیق عمر کا کہنا ہے کہ وہ اللّٰہ کا شکر بجا لاتے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے سابق ٹیسٹ اوپننگ بیٹسمین توفیق عمر کا عید سے قبل کوویڈ 19 ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد توفیق عمر نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا تھا اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا۔

‏توفیق عمر قومی جونئیر سلیکشن کمیٹی کے بھی رکن ہیں
توفیق عمر نے کہا ہے کہ 15 روز کی آئسولیشن کے بعد انہوں نے کوویڈ 19 ٹیسٹ کرایا ہے جو کہ منفی آیا ہے، وہ اللّٰہ کا شکر بجا لاتے ہیں۔ اللّٰہ نے مجھ پر بہت کرم کیا ہے اور اب میں مکمل صحت مند ہوں۔

‏ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت ضرور آیا تھا لیکن علامات زیادہ شدید نہیں تھیں، لیکن اس کے باوجود میں نے بہت احتیاط کی۔ اب یہی وجہ ہے کہ میں کورونا وائرس سے چھٹکارا پانے میں کامیاب ہو گیا۔

‏ توفیق عمر نے کہا کہ اس وقت سب کو حکومت کے بتائے ہوئے ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے تاکہ اس وائرس کو شکست دے سکیں
واضح رہے کہ سابق مسٹر ایشیا یحییٰ بٹ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کا دو روز قبل کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا تھا، انہوں نے لاہور کے مقامی میڈیکل سینٹر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

‏ پاکستان بلئیرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر منور شیخ اور چئیرمین عالمگیر شیخ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، انہوں نے گھروں میں ہی خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور دعائے صحت کے لئے اپیل کی ہے۔