فیصل سبزواری اہلیہ اور بیٹیوں سمیت کورونا وائرس میں مبتلا

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم ) پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں ان کے والدین، بیوی اور دو بچیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے اور اب ان میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہیں۔

فیصل سبزواری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط کریں اور محفوظ رہیں کیونکہ مریضوں کی تعداد بڑھنے کے باعث اسپتالوں میں جگہ کم ہے۔

واضح رہے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ملک میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 6 سو سے زائد نئے کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 85 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جو چین میں اب تک ریکارڈ کیے گئے انفیکشنز سے بھی زیادہ ہے۔

چین جہاں سے اس وائرس کا آغاز ہوا وہاں اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق متاثرین 84 ہزار ایک سو سے زائد ہیں۔