کورونا وائرس کے 1439 نئے کیسز کی تشخیص جبکہ 23 مریض انتقال کرگئے، مراد علی شاہ

کورونا وائرس کے 1439 نئے کیسز کی تشخیص جبکہ 23 مریض انتقال کرگئے، مراد علی شاہ
کراچی (2 جون): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے مزید 23 افراد کی ہلاکت کا دعوی کیا ہے اور 1439 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 953 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ 5454 ٹیسٹوں سے 1439 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جوکہ ٹیسٹوں کا 26.4 فیصد بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے 192546 ٹیسٹ کروائے ہیں جس میں 31086 کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا دوسرے لفظوں میں کیسوں کی مجموعی طور پر شرح 16.2 فیصد بنتی ہے جبکہ موجودہ شرح 26.4 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 23 مزید مریضوں کی ہلاکت کے ساتھ اموات کی تعداد 526 ہوگئی ہے جو کل مریضوں کا 1.7 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا ہماری اموات کی شرح 1.6 فیصد سے بڑھ کر 1.7 فیصد ہوگئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ 358 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ان میں سے 64 کو وینٹیلیٹر پر رکھا گیا ہے۔ 15022زیر علاج مریضوں کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 13813 گھر وں میں ، 111 آئسولیشن مراکز میں اور 1098 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حوصلہ افزا ہے کہ 953 مزید مریض صحتیاب ہوکر معمول کی زندگی گزارنے کیلئے ڈسچارج کردیئے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 15538 مریض صحتیاب ہوئے جوکہ 50 فیصد تناسب ظاہر کرتا ہے۔ مراد علی شاہ نے ضلعی سطح پر ڈیٹا شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 1439 کیسز میں سے 1035 کا تعلق کراچی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کورنگی میں سب سے زیادہ 263 کیس ہیں ، ضلع شرقی 242 ، ضلع وسطی 166 ، ضلع جنوبی 167 ، ضلع ملیر 139 اور ضلع غربی 58 کیسز رپورٹ ہوئے۔ انہوں نے کہا اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس دیہی علاقوں میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاڑکانہ میں 50 ، حیدرآباد 47 ، سکھر 40 ، خیرپور 33 ، گھوٹکی 27 ، شہید بینظیر آباد 17 ، بدین 15، سانگھڑ 13 ، جامشورو 9، قمبر 6، سجاول اور شکارپور میں 5-5، اور ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ اور مٹیاری میں ایک ایک کیسز رپورٹ ہوئے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ کے عوام پر زور دیا کہ وہ ایس او پی پر عمل کریں ورنہ اس وبا کو شکست نہیں دی جاسکتی۔
عبدالرشید چنا
میڈیا کنسلٹنٹ وزیراعلیٰ سندھ