کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کی حادثے کی تحقیقات مکمل کرکے ایئربس کمپنی کی ٹیم واپس فرانس روانہ ہوگئی ہے

کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کی حادثے کی تحقیقات مکمل کرکے ایئربس کمپنی کی ٹیم واپس فرانس روانہ ہوگئی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 11 ٹیکنیکل ایڈوائزرز فرانس سے 26 مئی کو کراچی پہنچے تھے۔ ایئربس کمپنی کے ماہرین نے 5 دن میں پی آئی اے طیارہ حادثہ کی اپنی طرز کی تحقیقات مکمل کرلیں۔
ذرائع کے مطابق ایئربس ٹیم نے جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد بھی اکھٹے کئے، رن وے کا معائنہ بھی کیا۔ ایئر بس ٹیکنیکل ایڈوائزرز طیارہ حادثے کی حتمی رپورٹ فرانس میں تیار کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جہاز کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کی ڈی کوڈنگ کا عمل کل سے فرانس میں شروع ہوگا۔ آلات کی ڈی کوڈنگ کیلئے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے کچھ ممبران بھی فرانس جائیں گے۔ ٹیکنیکل ایڈوائزرز کو واپس لے جانے کیلئے ایئر بس اے 330 صبح سویرے کراچی پہنچی۔ ٹیکنیکل ایڈوائزر خصوصی پرواز اے آئی بی 1889 سے آج صبح آٹھ بج کر دو منٹ پر فرانس کے شہر ٹولائوس کیلئے روانہ ہوگئے۔