کرونا وائرس: سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کے لیے بھی ایس او پیز جاری

سعودی وزارت داخلہ نے گھنٹوں کے حساب سے گھریلو ملازمین فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے بھی کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ضوابط جاری کیے ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہے۔

جاری کیے جانے والے ایس او پیز کے مطابق گھنٹوں کے حساب سے گھریلو ملازمین فراہم کرنے والی کمپنیوں کو اس امر کی پابندی کرنا ہوگی کہ وہ کام کے دوران ملازمین کو مخصوص لباس مہیا کریں۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گھریلو ملازمین کوماسک اور سینی ٹائزرفراہم کرنا لازمی ہوگا۔ ملازمین کو اس امر کا پابند بنایا جائے کہ وہ ہاتھوں کو باربار صابن سے کم از کم 40 سیکنڈ تک دھوئیں اور 20 سیکنڈ تک ہاتھوں کو سینی ٹائز کریں۔

گھریلو ملازمین کو لانے اور لے جانے والی بسوں کو مستقل بنیادوں پر سینی ٹائز کیا جاتا رہے اور یہ عمل یومیہ بنیادوں پر لازمی ہوگا۔

قومی مرکز برائے انسداد وبائی امراض کی جانب سے مقررہ کردہ شرائط کے مطابق ملازمین کو رہائش فراہم کی جائے گی جہاں سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھا گیا ہو، ملازمین فراہم کرنے والی کمپنی یومیہ بنیاد پر ملازمین کے جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کریں گی۔

کسی ملازم کو کھانسی، بخار اور نزلہ زکام ہونے کی صورت میں اس کا یومیہ روزنامچہ مرتب کیا جائے گا اور انہیں آئسولیٹ کر دیا جائے گا، ایسے افراد جنہیں بخار وغیرہ ہو انہیں وزارت صحت سے رجوع کروایا جائے تاکہ ان کا طبی معائنہ کیا جاسکے۔

Courtesy Ary News Urdu