پاکستان سمیت7 ممالک کے 40 گلوکاروں کا مشترکہ گانا

پاکستان سمیت دُنیا بھر میں پھیلی وبا کی وجہ سے جہاں حکمران اپنے عوام کا حوصلہ بلند کرنے لیے کام کر رہے ہیں تو وہیں پاکستان سمیت دنیا کے 40 گلوکاروں نے اِس ضمن میں اپنا ایک اہم کردار ادا کرتے ہوئے لوگوں میں امید کی کرن پیدا کرنے کے لیے مشترکہ طور پر ایک گانا تیار کیا ہے۔

دُنیا کے 40 فنکاروں کی جانب سے تیار کیے گئے گانے کا عنوان ’وی آر ون‘ اے خدا ہے اور اِس گانے کو کمپوز کرنے والے پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور گلوکار و موسیقار کاشان آدمانی ہیں جبکہ اِس گانے کی اردو تحریر صابر ظفر نے لکھی ہے اور انگریزی تحریر بابر شیخ نے لکھی ہے۔

پاکستان میں’اے خدا‘ کو یوٹیوب پر ڈریم اسٹیشن پروڈکشن کے بینر تلے جاری کیا گیا ہے، اِس گانے میں پاکستان سمیت دُنیا کے 40 فنکاروں، گلوکاروں اور موسیقاروں نے اپنی آوازکا جادو جگایا ہے۔

’وی آر ون‘ اے خدا میں پاکستان، امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور برازیل کے گلوکاروں نے اپنی آواز کے ذریعےاِس مشکل گھڑی میں دنیا بھر کے لوگوں میں امید پیدا کرنے کی کوشش کی ہے اگرچہ اِس گانے میں پاکستانی گلوکارں اور موسیقاروں کی تعداد زیادہ ہے لیکن دیگر ممالک کے بھی ایک سے زائد فنکاروں نے اِس گانے میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔

5 منٹ 23 سیکنڈز پر مشتمل اِس گانے کو اب تک یوٹیوب پر 17 ہزار سے زائد افراد سُن چکے ہیں۔

’وی آر ون‘ اے خدا کو سُننے والوں کا کہنا ہے کہ اِس گانے کا سُنتے ہی دل میں ایک اُمید پیدا ہو رہی ہے کہ خدا ہمارے ساتھ ہے اور وہ ہمیں جلد ہی اِس آزمائشی وقت سے نکال دے گا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 60 لاکھ 33 ہزار 754 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 3 لاکھ 66 ہزار 890 ہو گئیں