عاصم اظہر نے مداحوں کو ’ہمراہ‘ پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کا چیلنج دیدیا

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے اپنے مداحوں کو گزشتہ دنوں ریلیز ہونے والے اپنے نئے گانے ’ہمراہ‘ پر ٹک ٹاک ویڈیو ز بنانے کا چیلنج دے دیا۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عاصم اظہر نے اپنی ایک ٹک ٹاک ویڈیو شیئر کی جو اُن کے نئے گانے ’ہمراہ‘ پر بنائی گئی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ ٹک ٹاک ویڈیو میں عاصم اظہر ’ہمراہ‘ کے چند سطرے گنگنا رہے ہیں اور اِس ٹک ٹاک ویڈیو کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے آخر میں ایک کمرے سے اُن کا دوست نکل کے باہر آجاتا ہے۔

عاصم اظہر نے اپنی ٹک ٹاک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے کہا کہ ’آپ بھی میرے ساتھ ٹک ٹاک پر ’ہمراہ‘ چیلنج کریں اور اپنی ویڈیوز مجھے بھیجیں
گلوکار نے کہا کہ ’مجھے جو ٹک ٹاک ویڈیوز پسند آئیں گی میں اُن کو سوشل میڈیا پر شیئر کروں گا۔‘

عاصم اظہر کے کہنے پر اُن کے مداحوں نے اُن کا ٹک ٹاک چیلنج قبول کرنے عندیہ دیا
اِس سے قبل گلوکار نے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’تین سال قبل کراچی میں قائم اپنے اسٹوڈیو میں جب میں نے اس گانے کی دھن بنائی تھی تو اُس وقت تصور بھی نہیں کیا تھا کہ اس کے بدلے مجھے اتنا پیار اور عزت ملے گی۔
واضح رہے کہ عاصم اظہر کا گانا ’ہمراہ‘ بھارتی فلم ’ملنگ‘ میں شامل ہے اور اِس گانے کو بالی ووڈ اداکارہ ’دیشا پٹانی‘ اور اداکار ’ادیتی رائے کپور‘ پر فلمایا گیا ہے۔

عاصم اظہر نے ناصرف ’ہمراہ‘ میں اپنی آواز کا جادو دِکھایا ہے بلکہ اِس گانے کی موسیقی بھی خود ہی ترتیب دی ہے جبکہ ’ہمراہ‘ کے بول کنال ورما نے تحریر کیے ہیں۔