پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک وفاقی وزیر ایوی ایشن ، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیں

پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک وفاقی وزیر ایوی ایشن ، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیں
عالمی سطح کے ایکسپرٹ پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے ۔ ایوی ایشن اور پی آئی اے کے تمام متعلقہ محکمے کے اسٹاف کی قابلیت اور اسناد چیک کی جائیں۔ طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے خاندانوں سے اظہار افسوس
کوکب اقبال چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان

کراچی( ) پی آئی اے طیارہ کے حادثہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک وفاقی وزیر غلام سرور خان اور سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیں۔ ملکی سطح پر قائم انکوائری کمیٹی پر عدم اعتماد کرتے ہیں۔ عالمی ایکسپرٹ پر مشتمل کمیٹی سے شفاف انکوائری کرائی جائے جس میں صارفین کی ایسوسی ایشن اور پائلٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی شامل ہوں یہ بات صارفین کی نمائندہ تنظےم کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے میڈیا کے نمائندوں سے اپنے دفتر میں طیارہ کے المناک حادثے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا کہ المناک حادثے پر پورا ملک سوگوار ہے۔ جس میں نہ صرف پوری پوری فیملیز بلکہ کئی قیمتی جانیں بھی چلی گئیں۔ کوکب اقبال نے کہا کہ انسانی جانوں کے بدلے معاوضہ کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ مگر اب لواحقین کو 10لاکھ کے بجائے 50لاکھ دیے جائیں گے۔ اس لےے ضروری ہے کہ صرف حقیقی وارثوں کو ہی حق ملے اس کے لےے عدالت کے ذریعے معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایئر بس کمپنی کو جہاز کے کوئی بھی پرزے جات لے جانے کی اجازت نہیں دینا چاہئے کیونکہ ایئر بس کمپنی کی ٹیم اپنے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے رپورٹ تیار کرسکتی ہے۔ کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے کہا کہ سول ایوی ایشن کے ایئر کنٹرول ٹاور سے حادثے کے فوراً بعد میڈیا پر پائلٹ اور کنٹرول ٹاور کے درمیان ہونے والی گفتگو کس نے وائرل کی جو ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پائلٹ کسی بھی ایئرپورٹ پر جہاز اتارتا ہے تو وہ ایئر کنٹرول ٹاور کی ہدایت کے مطابق عمل کرتا ہے کہ اس کو رن وے پر کس جگہ اور کس وقت جہاز اترتا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایئر کنٹرول ٹاور پر اس وقت جس کی ڈیوٹی تھی اس کے تجربے اور مہارت سمیت قابلیت کو چیک کرنے کے ساتھ ڈیوٹی پر مامور شخص سے مکمل معلومات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ المناک فضائی حادثے کے بعد یہ بتایا جارہا ہے کہ جدید فلائٹ آپریشنز کنٹرول سسٹم لینے کا فیصلہ کیا جارہا ہے اس کا مطلب صاف ظاہر ہے کہ ابھی تک جدید تقاضوں کے مطابق فلائٹ آپریشنز کنٹرول سسٹم تھا ہی نہیں جس کی وجہ سے بے شمار حادثات جنم لیتے رہے۔ کوکب اقبال نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ کے نزدیک خصوصی طور پر جہازوں کے اترنے کے راستے میں ماڈل کالونی اور اس کی ملحقہ علاقے میں بڑی بڑی اونچی عمارتیں تعمیر ہوتی گئیں اور سول ایوی ایشن کا ادارہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوالیہ نشان ہے کہ کس نے بڑی بڑی اونچی رہائشی عمارتوں کو این او سی جاری کیا طیارہ حادثے کی بڑی وجہ ان بلڈنگ کا تعمیر ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات مختلف زاویے کو مد نظر رکھتے ہوئے کی جانی چاہئیں کیونکہ لگتا ہے کہ صرف پائلٹ کو ہی قصور وار ٹھہرایا جارہا ہے تاکہ اصل ذمہ داروں کو بچایا جاسکے کوکب اقبال نے کہا کہ صرف پائلٹ کو ذمہ دارٹھہرانے سے ان کی فیملی کو آئندہ زندگی میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ جس میں ان کے بچوں کا مستقبل بھی خطرے میں ہوسکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ تحقیقات شفاف طریقے پر کی جائیں کوکب اقبال نے کہا کہ سول ایوی ایشن میں کئی سالوں سے کنزیومر پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ قائم ہے مگر گزشتہ دو تین سالوں سے اس کی کارکردگی بالکل ناقص ہوگئی ہے۔کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے کہا کہ پائلٹ کنٹرول ٹاور کو یہ بتارہا ہے کہ جہاز کے لینڈنگ گیئر نہیں کھل رہے تو کیا کنٹرول ٹاور پر تعینات ذمہ داروں نے بیلے لینڈنگ کے لیے ایمرجنسی نفاذ کرنے کی ہدایت جاری کی انہوں نے کہا کہ جہاز گرنے کی بعد آبادی کے لوگوں نے فیصل ایدھی اور دوسرے اداروں کو مطلع کیا جو کہ ایئر کنٹرول ٹاور پر موجود اسٹاف کی ذمہ داری تھی۔ کوکب اقبال نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے پائلٹوں سمیت انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ اور فضائی میزبانوں کی ڈگری اور تجربہ چیک کیا جائے بالکل اسی طرح سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹروں سمیت ایئر کنٹرول ٹاور پر ڈیوٹی انجام دینے والوں کی اسناد اور قابلیت چیک کی جانی چاہئیں تاکہ آئندہ کسی بھی حادثے سے ممکنہ طور پر بچا جاسکے۔