کرنسی نوٹوں کی خصوصیات سے بصارت سے محروم افراد کو انہیں پہچاننے میں سہولت ملتی ہے۔ اسٹیٹ بنک

ینک دولت پاکستان کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ بصارت سے محروم افراد کو مختلف پاکستانی کرنسی نوٹوں کی شناخت اور ان کے درمیان فرق کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ اس لیے اسٹیٹ بینک عوام اور خاص طور پر بصارت سے محروم افراد کی معلومات کے لیے اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستانی کرنسی نوٹوں میں ایسی خصوصیات موجود ہیں جن کے ذریعے بصارت سے محروم افراد کو کرنسی نوٹوں کے اصلی ہونے کی شناخت کرنے اور مختلف مالیتوں کے درمیان فرق کو پہچاننے میں مدد مل سکتی ہے۔ 20روپے اور اس سے زائد مالیت کے تمام کرنسی نوٹوں کی بریل خصوصیات سامنے کے حصےمیں ہوتی ہیں جن سے انہیں کرنسی نوٹوں کی مالیت کا تعین کرنے میں سہولت ملتی ہے۔ اس مقصد کے لیے بینک نوٹ کے بائیں جانب نیچے کونے میں سیریل نمبر سے ذرا اوپر ابھرے ہوئے نقطے اور چھوٹی افقی لکیروں کی چھپائی ہوتی ہے۔ اس خصوصیت کے ذریعے بینک نوٹوں کی مالیتوں کو انگوٹھے سے رگڑ کر بآسانی شناخت کیا جا سکتا ہے۔ بریل کی خصوصیات ہر مالیت کے نوٹ میں اس طرح دی جاتی ہیں: 20 روپے کے نوٹ پر ایک لائن، 50 روپے پر دو لائنیں جبکہ 100 روپے پر تین لائنیں ہیں اور بلند مالیت کے دیگر نوٹوں میں بریل خصوصیات کے طور پر نقطے دیے گئے ہیں۔ خصوصاً 500 روپے پر ایک نقطہ ، 1000 روپے پر دو نقطے اور 5000 روپے پر تین نقطے ہیں۔ 20 روپے اور اس سے زائد کی تمام مالیتوں کے کرنسی نوٹوں پر بریل خصوصیات کندہ کاری کے ذریعے چھاپی جاتی ہیں ، جس کی وجہ سے وہ ابھرے ہوتے ہیں اور سامنے کے حصے میں ظاہر ہوتے ہیں۔ لہٰذا بصارت سے محروم کوئی بھی شخص ابھری ہوئی چھپائی کو محسوس کر کے بآسانی بینک نوٹوں کی مالیت کے ساتھ ساتھ اس کے اصلی ہونے کا پتہ بھی چلا سکتا ہے ۔ تمام پاکستانی کرنسی نوٹوں کی مالیت کے لحاظ سے تہ دار سائزنگ کی گئی ہے ۔ ہر کرنسی نوٹ کی چوڑائی یکساں 65 ایم ایم ہے جبکہ ہر نوٹ کی لمبائی اس سے کم مالیت کے نوٹ کے مقابلے میں ٹھیک 08 ایم ایم طویل تر ہے۔ لہٰذا ، بلند ترین مالیت کا 5000 روپے کا کرنسی نوٹ کم ترین مالیت کے 10 روپے کے نوٹ سے 48 ایم ایم بڑا ہے۔ بینک نوٹوں میں بریل سمیت متعدد مضبوط سیکورٹی خصوصیات کی شمولیت کا مقصد عوام کو اس کی شناخت میں سہولت مہیا کرنا ہے۔ عوام میں کرنسی نوٹوں کی خصوصیات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک نے اپنی ویب سائٹ پر مکمل تفصیلات فراہم کی ہیں (جو اس لنک پر دستیاب ہیں : http://www.sbp.org.pk/finance/index.asp) ۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کرنسی نوٹوں کی سیکورٹی خصوصیات سے متعلق ویڈیوز اور اسمارٹ فون ایپلی کیشن بھی متعارف کرا چکا ہے جن میں کرنسی نوٹوں کی سیکورٹی خصوصیات پر تحریری اور تصویری دونوں انداز میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان بھر میں ایس بی پی بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر ملک بھر میں اس سلسلے میں آگاہی سیشنز منعقد کرتے ہیں۔ یہ سیشنز عام طور پر پر ہجوم عوامی مقامات پر منعقد کیے جاتے ہیں اور ان میں کرنسی نوٹوں کی خصوصیات پر جامع بریفنگ دی جاتی ہے۔ نوٹوں کی خصوصیات کی آگاہی بڑھانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینک کی ہر برانچ میں بینک نوٹوں کی سیکورٹی خصوصیات پر مشتمل پوسٹرز کو نمایاں مقام پر آویزاں کرنے کی ہدایات دی ہیں تا کہ صارفین کو کرنسی نوٹ کی خصوصیات کے بارے میں درکار رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ ایس بی پی بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر بھی بصارت سے محروم افراد کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آگاہی کے خصوصی سیشنز منعقد کر رہے ہیں۔ یہ سیشنز سماجی بہبود کی تنظیموں/ٹرسٹس کے اشتراک سے منعقد کیے جائیں گے جو عوام کے مختلف طبقات خصوصاً بصارت سے محروم افراد کے لیے ہیں جو پاکستان کے معاشرے کا ایک قابل قدر حصہ ہیں۔ اسٹیٹ بینک کو توقع ہے کہ عوام بھی بصارت سے محروم افراد کو ان خصوصیات کے بارے میں جہاں جہاں ممکن ہو آگاہی فراہم کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں