کبھی نہیں سوچا تھا ’ہمراہ‘ کے بدلے اتنا پیار ملے گا: عاصم اظہر

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نوجوان گلوکار عاصم اظہر کا گزشتہ روز ریلیز ہونے والے گانے ہمراہ سے متعلق کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اس گانے کے بدلے انہیں اتنا پیار ملے گا ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گانے کی کامیابی سے مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ تین سال قبل کراچی میں قائم اپنے اسٹوڈیو میں جب میں نے اس گانے کی دھن بنائی تھی تو اُس وقت تصور بھی نہیں کیا تھا کہ اس کے بدلے مجھے اتنا پیار اور عزت ملے گی
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ یہ بھی لکھا کہ خدا بہترین منصوبہ ساز ہے۔

دوسری جانب عاصم اظہر کو ایک دن قبل ریلیز کیے گئے گانے پر مداحوں کی جانب سے شاندار ردعمل دیا جارہا ہے
عاصم اظہر کا گانا ’ہمراہ‘ یوٹیوب کے میوزک چارٹ کی فہرست میں اول نمبر پر موجود ہے جبکہ یوٹیوب پر ٹرینڈ نمبر 5 پر موجود ہے۔

عاصم اظہر کا گانا ’ہمراہ‘ بالی ووڈ کی فلم ’ملنگ‘ میں شامل ہے اور اس گانے کو اداکارہ دیشا پٹانی اور ادیتی رائے کپور پر فلمایا گیا ہے
ہمراہ’ میں عاصم اظہر نے آواز کا جادو بھی خود جگایا ہے اور گانے کی موسیقی بھی خود ہی ترتیب دی ہے، گانے کے بول کنال ورما نے تحریر کئے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں نوجوان گلوکار کا گانا ’جو تو نہ ملا‘ نے یوٹیوب پر 100 ملین یعنی 10 کروڑ ویوز حاصل کرکے ایک سنگ میل عبور کیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو سے شہرت پانے والے گلوکار عاصم اظہر کا گیت ’جو تو نہ ملا‘ کے بول کنال ورما نے لکھے ہیں جبکہ دھن خود عاصم اظہر نے ترتیب دی ہے جسے ای ایم آئی ریکارڈ کے تعاون سے 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا