کورونا وباء کے بعد پی ٹی آئی رہنما طیارہ حادثہ میں بھی سیاست سے باز نہیں آئے یہ لوگ سستی شہرت کے لئے کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔بیرسٹر مرتضی وہاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے گورنر سندھ اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وباء کے بعد پی ٹی آئی رہنما طیارہ حادثہ میں بھی سیاست سے باز نہیں آئے

یہ لوگ سستی شہرت کے لئے کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ان حالات میں بے ہودہ اور غلط بیانی پر مبنی سیاست کرکے آپ کسی کی خدمت نہیں بلکہ شہداء اور زخمیوں کے لواحقین کی دل آزاری کے مرتکب ہورہے ہیں آپ اس مشکل ترین وقت میں لواحقین سے ہمدردی کے بجائے تمام توجہ بیان بازی اور کسی طرح سندھ حکومت کو نیچا دکھانے میں صرف کررہے ہیں بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آپ کی مزموم اور ناکام کوششوں سے الحمداللہ سندھ حکومت کی کارکردگی اور عوامی خدمت کے جزبے پر کوئی فرق نہیں پڑیگا ہم بلا امتیاز اپنے ملک اور صوبے کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ حادثے کے فوری بعد جامعہ کراچی کی فارنسک لیب میں ڈی این اے کے نمونوں کے حصول کا کام شروع کردیا گیا تھا حادثے میں مسافروں کی شہادتوں کی تصدیق کے فوری بعد ضلع کورنگی کے ایس ایس پی انویسٹیگیشن جنید شیخ کو فوکل پرسن اور لواحقین کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کرنے کی زمہ داری سونپی گئی جناح اور سول ہستپال میں لواحقین کے لئے ہیلپ ڈیسک قائم کی گئی جو ہمارے ناقدین کو تعصب کی عینک کی وجہ سے نظر نہیں آئی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز میں ڈی این اے لیب میں نمونوں کا ٹیسٹ کیا جارہا ہے گورنر سندھ عمران اسماعیل جس منصب پر فائز ہیں انہیں غلط بیانی زیب نہیں دیتی، آپ وفاق کے نمائندے ہیں اور یاد رکھیں کسی ایک جماعت کی ترجمانی کرکے آپکا قد اونچا نہیں ہوسکتا ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ آپ نے پنجاب سے ڈی این اے ماہرین سندھ حکومت کو اطلاع دئیے بغیر بلوائے جنکی ضرورت نہیں تھی اگر ہمیں ضرورت پڑتی تو ہم سیاست کے بجائے بلاشبہ ان ماہرین کی خدمات ضرور حاصل کرتے۔ افسوناک حادثے کے شہداء کے لواحقین کے ڈین این اے کے نمونے حاصل کرلئے گئے ہیں آپ منافقت اور نفرت انگیز سیاست کے بجائے تھوڑا صبر سے کام لیں بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثہ میں زخمی ہونے والے علاقہ مکینوں کو برنس وارڈ میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں المناک حادثے میں تباہ ہونے والے مکانات کے نقصان کا بھی تخمینہ لگایا جارہا ہے حکومت سندھ اپنے فرائض ادا کرنا بخوبی جانتی ہے ہم اس مشکل گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے آپکا جو کام ہے وہ کریں طیارہ حادثہ کی شفاف تحقیقات کروائیں معاملے کو طول نہ دیں بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آپکی طرح ہر بات پر فوٹو سیشن اور میڈیا نمائندوں کو خطرات میں ڈالنا پیپلزپارٹی کا وطیرہ نہیں ہے خدارا ہوش کے ناخن لیں اور غلط بیانی سے گریز کریں۔