ارطغرل پر تنقید، حمیمہ ملک کا واسع چوہدری کو جواب

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمیمہ ملک نے’ارطغرل غازی‘ پر تنقید کرنے پر واسع چوہدری کو جواب دے دیا۔

معروف اداکار و میزبان واسع چوہدری نے سرکاری ٹی وی پر تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ نشر کرنے کے حوالے سے کہا تھا کہ ہمارےسرکاری ٹی وی چینل پر تُرکش سریز نشر کرنے پر مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن اب پی ٹی وی ہر پاکستانی کے بجلی کے بل سے ماہانہ 35 روپے وصول کرنا بند کردے
واسع چوہدری کے اِس تنقید بھرے پیغام پر حمیمہ ملک نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی اسٹوری میں شہرہ آفاق تُرک سیریز’دیرلش ارطغرل‘ کے ایک پوسٹر کی تصویر شیئر کی
اس پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے حمیمہ ملک نے پاکستان میں ’ارطغرل غازی‘ نشر کرنے پر پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل اور تُرکی کے قومی ٹی وی چینل کا شکریہ ادا کیا۔

اداکارہ نے واسع چوہدری کو اُن کی بات کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’اس کی قیمت میرے 35 روپے ہیں جو میں نے آج تک ہمارے سرکاری ٹیلی ویژن کو ادا کیے۔
اُنہوں نے سرکاری ٹی وی کو سراہتےہوئے مزید لکھا کہ ’ہمیں اِسی طرح کے بہترین مواد کے ساتھ تفریح فراہم کرتے رہیں۔‘

اِس کے علاوہ حمیمہ ملک نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی کردار ’ارطغرل‘ کی ایک تصویر بھی دل والے ایموجی کے ساتھ شیئر کی
یاد رہے کہ ’ارطغرل غازی‘ کے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کرنے کے بعد نامور پاکستانی فنکار پاکستان ٹیلیوژن نیٹ ورک پر تنقید کرتے نظر آرہے ہیں جن میں واسع چوہدری، یاسر حسین، منشا پاشا، شان شاہد سمیت دیگر فنکار شامل ہیں جبکہ نیلم منیر، حمزہ علی عباسی، حمیمہ ملک، ریمبو، صاحبہ، گوہر رشید، بلال اشرف سمیت کچھ فنکار ایسے بھی جو ترکش سیریز کی خوب حمایت کر رہے ہیں