اُڑنے کا شوق خاتون کی جان لے گیا،

بیجنگ : ونگ سوٹ پہن کر اڑان بھرنے والی چین کی خاتون حادثے کا شکار ہوکر جان سے چلی گئی، ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگانے کے بعد اس کا رخ درختوں کی جانب ہوگیا جسے وہ سنبھال نہ سکی۔

تفصیلات کے مطابق بیجنگ سے آنے والی خاتون سیاح جو ونگ سوٹ پہن کر اڑان بھرنے کیلئے جنوبی چین کے تیان مین ماؤنٹین نیشنل پارک آئی تھی لیکن اس کا یہ شوق اس کی جان لے گیا
حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب اس خاتون نے 8202 فٹ کی بلندی سے ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگائی۔

کچھ لمحوں بعد اس کے کیمرہ مین نے اسے درختوں کے بڑے جھنڈ کی جانب جاتے ہوئے دیکھا تو اسے پیچھے ہٹنے کے اشارے کیے جسے وہ دیکھ نہ پائی اور کچھ ہی لمحات کے بعد وہ منظر سے غائب ہوگئی۔

اس خاتون سیاح کی لاش سات دن بعد پیر کے روز جنوبی چین کے تیان مین ماؤنٹین نیشنل پارک کے اندر گھنے جنگلات سے ملی۔

اس حوالے سے یہ خیال کیا جارہا ہے کہ شاید اسے پیرا شوٹ کھولنے کا موقع نہیں مل سکا اور وہ درختوں کے درمیان گر کر زندگی کی بازی ہار گئی