پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ تیز، عوام اور انتظامیہ بے پرواہ

پاکستان میں ہر گزرتے دن کیساتھ کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہورہا ہے تاہم عوام اور انتظامیہ بے پرواہ دکھائی دیتے ہیں ، تمام بڑے شہروں میں ہر طرف ہجوم ہے جبکہ کورونا وائرس مزید 43زندگیاں نگل گیا، ایک ہی روز میں 2238ریکارڈ نئے کیسز ریکارڈ کئے گئے


جس کے بعد مریضوں کی تعداد 49ہزار سے زائدہوگئی ہے ، اموات کی مجموعی تعداد 1052؍ ہو گئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 49520؍ تک پہنچ گئی ہےاب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 365؍افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 336؍ اور پنجاب میں 297؍ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 38، اسلام آباد 10، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کل چار لاکھ 29ہزار 600؍ ٹیسٹ کئے گئے جبکہ 14ہزار 155مریض صحت یاب ہوئے، جمعرات ملک بھر سے کورونا کے مزید 2238؍ کیسز اور 43؍ ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سندھ سے 960 کیسز 20ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 340 کیسز 14ہلاکتیں، اسلام آباد 97 اور آزاد کشمیر سے 15؍ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ میں کورونا کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے خود کی۔ وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 97کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر سے آج کورنا کے مزید 15 کیسز سامنے آئے ، پنجاب میں بدھ کو کورونا کے مزید 697 کیسز اور 7 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی۔