کراچی میں تاجر کی چھٹی منزل سے کود کر خودکشی

کراچی میں صدر موبائل مارکیٹ کی عمارت کے چھٹے فلور سے موبائل فون کے تاجر نے مبینہ طور پر چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی، پولیس اور متوفی کے اہلخانہ کا کہنا ہے متوفی تاجر کو مالی مشکلات نہیں تھیں، خودکشی کا سبب نہیں جانتے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی دکاندار عابد الیاس میمن نے چھٹے فلور سے مبینہ طور پہ چھلانگ لگاکر کر خودکشی کی، متوفی دکاندار کی دوسرے فلور پر موبائل کی دکان تھی، ابتدائی تحقیق میں متوفی پر کوئی مالی مشکلات ثابت نہیں ہوئیں۔

دوسری جانب صدر الیکٹرونکس ڈیلر ایسوسی ایشن رضوان عرفان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ معصوم تاجر حکومت سندھ اور وفاق کے سیاسی دنگل کی بھینٹ چڑھنے لگے ہیں، کاروباری بدحالی کے سبب الیکٹرونکس مارکیٹ میں ڈیلر کی خودکشی حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے حکومت ہوش کے ناخن لے اور سب کو کاروبار کی اجازت دے۔