دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی منقطع ہونے سے پھٹنے والی 72 انچ قطر کی لائن کی مرمت مکمل

کراچی : وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصرحسین شاہ کی خصوصی ہدایات پر واٹربورڈ نے بغیر کسی وقفہ کام جاری رکھ کر دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی منقطع ہونے سے پھٹنے والی72 انچ قطر کی لائن کی مرمت ریکارڈ مدت میں مکمل کرلی ہے، متاثرہ لائن سے کراچی کو پانی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے ، لائن پھٹنے سے ہونیوالی پانی کی کمی کے اثرات دو تین دن تک شہر میں رہیں گے،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی اچانک منقطع ہونے کے باعث پانی کے بیک پریشر سے پھٹنے والی لائن کی مرمت اپنی نگرانی میں ریکارڈ مدت میں بدھ اور جمعرا ت کی درمیانی شب مکمل کرادی ہے ،وزیربلدیا ت سید ناصر حسین شاہ کی شہر کو جلد از جلد معمول کے مطابق پانی کی فراہمی بحال کرنے کی ہدایات پرایم ڈی واٹربورڈ نے اضافی عملہ اور ضروری مشینری کو مامور کرکے کام کی رفتار کو مزید تیز کردیا جبکہ اس دوران تمام تیکنیکی معاملا ت کی براہ راست نگرانی بھی کرتے رہے ،پھٹنے والی لائن کی مرمت مکمل ہونے کے بعد اس لائن سے کراچی شہرکو پانی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے تاہم لائن پھٹنے سے ہونیوالی پانی کی کمی کے اثرات شہر میں دو تین دن تک رہیں گے ،ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دوران پانی کفایت اوراحتیاط سے استعمال کریں۔