کورونا کیسز اور ہلاکتیں، پاکستان کا 19 واں نمبر

پاکستان کورونا وائرس سے ہلاکتوں اور مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے عالمی درجہ بندی میں 19؍ ویں نمبر پر آگیا، ملک میں گزشتہ ہفتے کے دوران اموات اور کیسز کا نیا ریکارڈ سامنے دیکھنے میں آیا۔
منگل کو کوروناوائرس نے 50؍ افراد کی جان لے لی تھی، بدھ کو 23؍ افراد جاں بحق ہوئے جسکے بعد 24؍ گھنٹوں میں اموات کے لحاظ سے عالمی درجہ بندی میں 7؍ ویں نمبر پر آگیا ہے، بدھ کو 1506؍ نئے کیسز آنے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 47282؍ اور اموات کی تعداد 1009تک جا پہنچی۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 351 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 316 اور پنجاب میں 290 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 38، اسلام آباد 9، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک 414254؍ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 13101؍ افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔ بدھ کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 1506 کیسز اور 23 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
سندھ سے 17 ہلاکتیں اور 1017 کیسز ، خیبر پختونخوا سے 261 کیسز 6 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 104 کیسز ، بلوچستان سے 83 کیسز، گلگت بلتستان سے 23 کیسز اور آزاد کشمیر سے 18 کیسز سامنے آئے ہیں۔
آج سندھ میں کورونا وائرس سے 17 افراد جاں بحق اور 1017 کیسز سامنے آئے ہیں جسکی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث 24 گھنٹوں میں مزید 17 افراد انتقال کر گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا کے سبب انتقال کرنے والوں کی تعداد 316 ہو گئی ہے۔

سندھ میں اس وقت 127 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں سے 32 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 6164 نئے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 1017 نئے کیسز سامنے آئے۔
صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18 ہزار 964 ہو گئی ہے۔ آج 904 مزید مریض صحت یاب ہوگئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار 645 ہو گئی ہے۔
پنجاب میں منگل کو کورونا کے مزید 709 کیسز اور 17 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 16685 ہوگئی ہے جب کہ 290 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔صوبے میں اب تک 5067 سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
بلوچستان سے بدھ کو کو کورونا کے مزید 83 کیسز سامنے آئے جسکے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2968 ہوگئی ہے جبکہ 38 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔
بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ 636 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں بدھ کو کورونا وائرس سے مزید 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جسکے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 351 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے مزید 261 کیسز بھی سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 6815 ہوچکی ہے۔کے پی میں 2130 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
اسلام آباد سے آج کورونا وائرس کے مزید 104 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔
نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1138ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہے۔ اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 151 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
آزاد کشمیر سے آج کورنا کے مزید 18 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 133 ہوگئی ہے جبکہ علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 77 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
بدھ کو گلگت بلتستان میں مزید 23 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 579 ہو گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں وائرس سے اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ کورونا سے متاثرہ 402 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں اور 173 زیر علاج ہیں۔