بچوں کو عیدی نہیں ملے گی

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ اس سال عید الفطر کا تہوار سادہ طریقے سے منائیں اور بچوں میں عیدی تقسیم نہ کریں۔


الامارات الیوم کے مطابق امارات میں قدرتی آفات، بحرانوں اور ایمرجنسی حالات کے قومی ادارے کے ترجمان ڈاکٹر سیف جمعہ الظاہری نے بیان میں کہا کہ والدین، رشتہ دار اور احباب بچوں کو عیدی کے طور پر نئے کرنسی نوٹ دیں اور نہ ہی آن لائن کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کی کوشش کریں۔ فیملی کے کسی بھی شخص کو اس سال عیدی نہ دی جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ پابندی بچوں اور اہل خانہ کی صحت و سلامتی کی خاطر لگائی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش کی طرح عرب ممالک میں بھی عید الفطر کے موقع پر عیدی کا رواج ہے-
ماہرین صحت نے تنبیہ کی ہوئی ہے کہ کرنسی نوٹ اور سکے مہلک وائرس کی منتقلی کا سبب ہوسکتے ہیں. اسی تناظر میں اماراتی حکومت نے عیدی دینے پر پابندی لگائی ہے۔