آمدنی زیرو ہونے کے باوجود فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کے ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت اور تسلسل کے ساتھ ادائیگی جاری

کراچی( اسٹاف رپورٹر )فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کی کرونا وائرس وباء کے باعث لاک ڈاؤن اورفش ہاربر کی بندش کے باوجود ملازمین کو تسلسل کے ساتھ بروقت تنخواہوں کی ادائیگی میں کامیابی،ملازمین کا عید الفطر سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی پر چیئرمین عبدالبر سے اظہار تشکر،غلط افواہیں اور ملازمین میں مایوسی پھیلاکر سستی شہرت حاصل کرنے کے خواہشمندوں کو منہ کی کھانی پڑ گئی

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وباء اور لاک ڈاؤن کے باعث کراچی فش ہاربر کی بندش کے دوران آمدنی زیرو ہونے کے باوجود فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کے ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت اور تسلسل کے ساتھ ادائیگی جاری رہی۔ ملازمین نے عیدالفطر سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی پر چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر سے اظہار تشکر کیاہے۔فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کے ترجمان صدیق چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی فش ہاربر کی بندش اور آمدنی زیرو ہونے کے باوجود ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادئیگی چیئرمین عبدالبر کی زاتی کاوشوں کے باعث ممکن ہو سکا ہے جس پر تمام ملازمین اپنے چیئرمین کے مشکور ہیں۔ فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کے ترجمان نے کہا کہ چیئرمین عبدالبر نے کرونا وائرس کی وباء اور لاک ڈاؤن کے دوران ملازمین میں بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بناکر اور کراچی سمیت طویل ساحلی پٹی پر آباد 18ہزار ماہی گیر خاندانوں میں راشن اور امدادی رقوم کی کامیابی کے ساتھ تقسیم نے فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی اور چیئرمین عبدالبر کے سیاسی مخالفین اور سستی شہرت کے حصول کی کوششوں میں مصروف شرپسند عناصر کو منہ کی کھانا پڑی ہے۔شرپسند عناصر کو فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کی ترقی اور چیئرمین عبدالبر کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی اور ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ ترجمان فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی نے مزید کہا کہ چیئرمین عبدالبر کی موجودگی میں ماہی گیروں اور فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کے ملازمین میں مایوسی پھیلانے کی کوششوں میں مصروف سیاسی بونوں اور شرپسند عناصر کو ہمیشہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ طاہر ملک نامی شخص لاعلم ہی نہیں نااہل بھی ہے جسے کچھ پتہ ہی نہیں، تبدیلی صرف نعرہ لگا نے سے نہیں آتی بلکہ اس کے لیے شعوراور عملی اقدامات اٹھانے پڑتے ہیں۔جوکہ ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ چیئرمین عبدالبر ماہی گیروں کی خوشحالی اور فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔