محمد عامر اور وہاب ریاض کودورہ انگلینڈ کیلئے حمایت ملنے لگی

سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم قومی فاسٹ باؤلرز محمد عامر اور وہاب ریاض کو حمایت ملنے لگی اور سابق فاسٹ باؤلر تنویر احمد نے ایک ویڈیو پیغام میں کہاکہ دونوں پیسرز رواں برس انگلینڈ ٹور پر جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے دورے میں توسیع کی پیشکش پر غور کرتے ہوئے 25 رکنی سکواڈ انگلینڈ بھیجنے کا ارادہ کرلیا ہے جو سیریز سے قبل تیاریوں کی غرض سے آپس میں ٹور میچز کھیلے گا اور تنویر احمد کا خیال ہے کہ دورے سے متعلق اس پیشرفت کے تحت محمد عامر اور وہاب ریاض کو انگلینڈ جانے کا موقع مل سکتا ہے ۔

41 سالہ سابق پیسر کا کہنا تھا کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں نوجوان پلیئرز کو موقع دیا گیا ہے لیکن کسی نہ کسی حد تک سینئر اور تجربہ کار پلیئرز کی ضرورت بھی محسوس ہوگی اور مصباح الحق بھی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ انہیں زیر معاہدہ کرکٹرز کے علاوہ بھی مستقبل قریب میں فہرست سے باہر کے چار سے پانچ پلیئرز کو سکواڈز میں شامل کرنا پڑے گا اور اگر انگلش ٹور پر 25 رکنی سکواڈ بھیجا گیا تو لازمی طور پر محمد عامر اور وہاب ریاض کو کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے