عثمان بزدار نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

عثمان بزدار نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

فردو س مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس پراجیکٹ کی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ ایک ارب 9کروڑ روپے لگایا گیا،حکومت نے شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے تعمیراتی لاگت میں 13کروڑ روپے کی خطیر رقم کی بچت کی ہے، بچت کے بعد منصوبے کی تعمیراتی لاگت 96کروڑ روپے ہوگی، تعمیراتی لاگت میں بچت پر ایل ڈی اے کے حکام کو شاباش دیتا ہوں، تعمیراتی لاگت میں 13 کروڑ روپے کی بچت کا کریڈٹ موجودہ حکومت کی شفاف پالیسیوں کو جاتا ہے،انڈر پاس 4ماہ میں مکمل ہوگا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے ایم ایم عالم روڈ اور کیولری گراؤنڈ کی طرف جانے والی ٹریفک کو بے پناہ سہولت ملے گی،دورویہ انڈرپاس 540میٹرطویل اور دونوں طرف سے دودو لینز پر مشتمل ہوگا جبکہ بارشی پانی کے اخراج کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے،منصوبے کے لئے تقریباً7 کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی،منصوبے کی تعمیر سے فردوس مارکیٹ چوک میں واقع کوئی عمارت متاثر نہیں ہوگی،انڈر پاس کی تعمیر سے روزانہ 91 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کو فائدہ ہوگا جبکہ ایندھن کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی،چوک میں ٹریفک کے لئے درپیش مشکلات دور ہوں گی اور شہریوں کا قیمتی وقت ضائع نہیں ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں کے منصوبوں کی طرح لاہور کے اس اہم منصوبے پر پیشرفت کی خود نگرانی کروں گا،قومی خزانے کی پائی پائی کے امین ہیں،ہم نے عوام کے وسائل بچائے ہیں،ماضی میں یہ وسائل اجاڑے گئے،ماضی کے دورمیں ترجیح پیسہ بنانا تھا،ہم نے عوام کا پیسہ بچایا ہے،بچایا گیا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کریں گے،لاہور میں سیوریج اور پانی کی فراہمی کے نظام کو بھی بہتر بنائیں گے۔

Courtesy GNN uRDU