سندھ میں 4467 ٹیسٹوں کی جانچ پڑتال کے بعد کورونا وائرس کے 674 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے جوکہ کئے گئے ٹیسٹوں کا 15 فیصد بنتا ہے

سندھ میں 4467 ٹیسٹوں کی جانچ پڑتال کے بعد کورونا وائرس کے 674 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے جوکہ کئے گئے ٹیسٹوں کا 15 فیصد بنتا ہے جبکہ13 مزید مریض وائرس سے جان بحق ہوگئے ہیں۔ یہ بات وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہفتے کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے 4467 ٹیسٹ کروائے گئے جن میں 674 نئے کیسز سامنے آئے جسکے بعد مریضوں کی تعداد 15590 تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 117860 ٹیسٹوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ مزید 13 مریضوں کی اموات کے بعد تعداد 268 تک بڑھ گئی ہے جوکہ مجموعی مریضوں کا 1.7 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 119 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ان میں سے 32 مریض وینٹیلیٹر پر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 11518 مریض زیر علاج ہیں۔ ایک خوشخبری سناتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 198 مریضوں کا علاج ہوچکا ہے اور وہ اپنے اپنے گھروں کو واپس چلے بھی گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد 3804 ہے جوکہ 25 فیصد بحالی کا تناسب ظاہر کرتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اموات کا تناسب 1.7 فیصد اور بحالی کا تناسب 25 فیصد ہے۔ ضلعی وار اعداد و شمار سے متعلق مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں کورونا کے 490 نئے کیسز ظاہر ہونے کے ساتھ ہائی الرٹ پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع شرقی میں 123 ، جنوبی 113 ، وسطی 66 ، کورنگی 59 ، ملیر 72 اور غربی 57 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ کورونا وائرس کے حیدرآباد میں 55 ،سکھر 11 ، قمبر شہدادکوٹ 6، سانگھڑ 4، ٹنڈو محمد خان اور جیکب آباد میں 3-3، اور مٹیاری ، سجاول اور گھوٹکی میں2-2 نئے کیسز ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایک بار پھر صوبے کے عوام سے ماسک پہننے ، معاشرتی دوری اختیار کرنے اور احتیاطی تدابیر کے دیگر اقدامات اپنانے سے محفوظ رہنے کی اپیل کی ہے۔
عبدالرشیدچنا
میڈیا کنسلٹنٹ وزیراعلیٰ سندھ