کرونا وائرس، قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ آئرلینڈ ملتوی

لاہور: کرونا وائرس کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کی ایک اور سیریز ملتوی کردی گئی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے سبب قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ آئرلینڈ ملتوی کردیا گیا، پاکستان کو جولائی میں آئرلینڈ کا دورہ کرنا تھا۔

آئرلینڈ کی حکومت نے دس اگست تک کھیلوں کی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ پاکستان کو آئرلینڈ کے خلاف جولائی میں 2 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنا تھی
واضح رہے کہ ان دنوں پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوینٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے ممکنہ طور پر انگلینڈ میں موجود ہوگی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر دورہ آئرلینڈ کے التوا پر دکھ کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ آئرلینڈ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، ہم سب تسلیم کرتے ہیں کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور مداحوں کی صحت اور حفاظت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹو ویرن ڈاٹرم کا کہنا ہے کہ یکم مئی کو آئرش حکومت کے مرحلہ وار لاک ڈاؤن اٹھانےکے فیصلے کے بعد ان تاریخوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنا ممکن نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مختلف آپشنر پر غور کیا تاہم حکومتی قواعد وضوابط، بائیو سیکیورٹی، کورنٹائن سمیت کئی دیگر معاملات کے سبب ہمارے لیےان میچوں کا انعقاد کرنا ممکن نہیں ہے۔