نو شہروں کے لیے پروازوں کی بحالی کا اعلان

دبئی کی ایمریٹس ایئر لائن نے رواں ماہ کی21 تاریخ سے دنیا کے نو بڑے شہروں کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایئر لائن 21 مئی سے لندن کے ہتھرو ایئر پورٹ، فرینکفرٹ، پیرس، میلان، میڈرڈ، شکاگو، ٹورنٹو، سڈنی اور میلبورن کے لیے پروازیں شروع کرے گی۔
ایئر لائن کا کہنا ہے کہ ان شہروں کو جانے والے مسافروں کو متعلقہ ممالک کی جانب سے عائد شرائط و ضوابط پر پورا اترنا ہو گا۔بیان کے مطابق امارات کے وہ شہری جو وطن واپس آنا چاہتے ہیں، ان کے لیے ضروری ہے کہ ان کے پاس فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سیٹیزن شپ کی جانب سے اجازت نامہ موجود ہو۔

دوسری جانب ایمیر یٹس کی جانب سے امارات میں پھنسے غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے لیے پروازیں جاری ہیں اور15 مئی کو ٹوکیو ناریتا اور 16 مئی کو کوناکری اور ڈاکار کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔
ایمیریٹس کے چیف آپریٹنگ آفیسر عادل الردھا کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’ہم حکام کے ساتھ مزید شہروں کے لیے پروازیں شروع کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہم نے حکام کے ساتھ مل کر ایئر پورٹس پر سماجی فاصلے اور سینیٹائزیشن کے حوالے اضافی اقدامات کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے ملازمین، کسٹمرز اور دیگر لوگوں کی حفاطت ان کی اولین ترجیح ہے۔
ایئر لائن کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انسانی میل جول کو کم سے کم رکھنے کے لیے جہاز پر محدود خدمات مہیا کی جائیں گی اور جہاز سے تمام میگزینز ہٹا دی جائیں گی۔
کیبن میں ساتھ لے جانے والے سامان کو چیک کیا جائے گا اور صرف بہت ضروری سامان مثلا ہنڈ بیگز، بے بی کیئر اور لیب ٹاپ ہی ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی۔