پاکستان میں کورونا سے مزید 33 افراد انتقال کر گئے، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 770 ہوگئی

بدھ کو پاکستان میں کورونا سے مزید 33 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 770 ہوگئی جب کہ 1316نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 35641 تک جاپہنچی ہے۔

corona deaths in Pakistan

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 275 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 234 اور پنجاب میں 223 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 27، اسلام آباد 6، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر ممیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک 317699؍ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ 8812؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بدھ کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 1316 کیسز اور 33 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سندھ سے 731 کیسز 16 ہلاکتیں، پنجاب سے 302 کیسز 9 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 231 کیسز اور 8 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 43 ، گلگت بلتستان سے 7 اور آزاد کشمیر سے 2 کیس سامنے آئے ہیں۔

سندھ میں آج کورونا کے مزید 731 نئے کیسز سامنے آئے اور 16 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4223 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 731 نئے مریضوں کے اضافے کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد 13341 اور ہلاکتیں 234 ہوگئی ہیں۔ جبکہ 606 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد اب تک 2835 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کروناوائرس کے 731 کیسوں میں سے کراچی میں 585 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس میں ضلع شرقی 140 ، جنوبی 127 ، ملیر 116 ، وسطی 85 ، غربی 60 اور کورنگی 57 شامل ہیں۔

پنجاب میں بدھ کو کورونا کے مزید 9 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 223 ہوگئی۔