77ویں یوم 18 اموات ہوئی ہیں جوکہ سندھ میں آج تک کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات ہیں

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اپنے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ اس وبا کے 77ویں یوم 18 اموات ہوئی ہیں جوکہ سندھ میں آج تک کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات ہیں جبکہ کورونا کے باعث اس وقت تک 218 اموات ہوچکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں کل 4064 ٹیسٹ ہوئے اوران ٹیسٹس میں سے 593 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ابتک 99117 ٹیسٹ میں 12610 مثبت آئے ہیں اور اس وقت 10163 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 8668 مریض گھروں میں، 915 آئسولیشن مراکز اور 580 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جبکہ 82 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 27 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں 412 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں ضلع جنوبی 124، ضلع شرقی 92 اور ضلع وسطی میں 63، کورنگی 51، ضلع غربی 45 اور ملیر میں 37 نئے کیسز سامنے آئے۔ سندھ کے دیگر اضلاع میں جیکب آباد 41، حیدرآباد 24،گھوٹکی 22 اور سکھر میں 9، ٹنڈوالہیار 4، لاڑکانہ 3، ٹنڈو محمد خان اور خیرپور میں 2-2مزید مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے بتایا کہ کل لاک ڈاؤن کی ایس او پیز پر کسی نے عمل نہیں کیا، ایسا طریقہ کار نہ اپنایا جائے کہ حکومت کو دوبارہ سختی کرنا پڑے۔