عمیر سولنگی کا سانحہ بارہ مئی کے شہداء کو خراج عقیدت

کراچی: بلاول ہاؤس میڈیا سیل کے سابق رکن اور پی پی پی کلچرل ونگ کراچی ڈویژن کے سابق سیکریٹری اطلاعات عمیر سولنگی نے سانحہ بارہ مئی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارہ مئی کو ملکی تاریخ کے سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی بحالی کے لئے جانیں قربان کرنے والوں کو ہماری عدالتیں انصاف فراہم نا کرسکی جو لمحہ فکریہ اور ہمارے عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہر میں خون کی ہولی کھیلنے والے قاتل اب تک آزاد ہیں اور دندناتے پھر رہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 12 مئی کے شہیدوں کے ورثاء آج تک انصاف حاصل نا کرسکے جو ہمارے عدالتی نظام کی کمزوری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عمیر سولنگی نے مطالبہ کیا کہ سانحہ بارہ مئی کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ عام آدمی کا موجودہ عدالتی نظام پر کھویا ہوا اعتماد بحال ہوسکے۔