شائقین مہندرا سنگھ دھونی کی سفید داڑھی دیکھ کرحیران

شائقین بھارت کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی سفید داڑھی دیکھ کر حیران رہ گئے۔ ان کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ رانچی میں اپنے فارم ہاؤس میں کھیل رہے ہیں، اگرچہ ویڈیو کا مرکز زاویا اور ان کے کتے ہیں مگر چند سیکنڈز میں 38 سالہ دھونی کا جو چہرہ نظر آیا وہ شائقین کو حیران کرنے کے لیے کافی تھا۔
لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر تک محدود دھونی کی شیو بڑھی ہوئی تھی، سفید داڑھی ان کی بڑھتی عمر کا پیغام دے رہی تھی۔ اس ویڈیو پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، شائقین کی اکثریت نے اتنی جلدی بڑھاپے کے آثار پر حیرت کا اظہارکیا۔ یاد رہے کہ دھونی نے بھارت کی جانب سے 90 ٹیسٹ، 350 ون ڈے اور98 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔

سابق بھارتی کپتان نے ون ڈے انٹرنیشنل میں50.57 کی اوسط سے 10773 رنز بنائے ہیں جب کہ ٹیسٹ میں 38.09 کی اوسط سے 4876 رنز اور اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 37.60کی اوسط سے 1617 رنز سکور کر چکے ہیں۔

بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی دنیا کے واحد کپتان ہیں جنھوں نے 3آئی سی سی ٹورنامنٹس اپنی ٹیم کو جتوائے ہیں، دھونی کی کپتانی میں بھارت نے 2007ء کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، 2011ء کا 50 اوورز ورلڈکپ اور 2013ء کی چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی ہے