اسٹیٹ بینک نے عارضی اقتصادی ریلیف کی سہولت کے تحت بی ایم آر اور توسیع کے لیے فنانسنگ کی اجازت دے دی

اسٹیٹ بینک نے موجودہ منصوبوں کی بیلنسنگ ، ماڈرنائزیشن اینڈ ری پلیسمنٹ (بی ایم آر ) اور توسیع کے لیے اپنی عارضی اقتصادی ریلیف کی رعایتی سہولت (TERF- Temporary Economic Relief Facility) آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام معیشت پر کورونا وائرس کے اثرات کے تناظر میں معیشت کو مزید تحریک فراہم کرنے ، مینوفیکچرنگ ؍پیداواری یونٹوں کی جدت کاری یا توسیع کے لیے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور متعلقہ فریقوں کے فیڈ بیک کے جواب میں کیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد اسٹیٹ بینک نے ملک میں معاشی سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے 17 مارچ 2020ء کو”عارضی اقتصادی ریلیف کی سہولت“(TERF) اور اس کے شریعت سے ہم آہنگ متبادل کا اعلان کیا تھا تاکہ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری بڑھائی جائے۔ اس اسکیم کے تحت اسٹیٹ بینک بینکوں کو ری فنانس فراہم کرے گا تاکہ وہ آگے صارف کو زیادہ سے زیادہ 7 فیصد کی شرح پر 10 سال کے لیے فنانسنگ فراہم کریں۔ اس اسکیم کے تحت کسی ایک پراجیکٹ کے لیے زیادہ سے زیادہ 5 ارب روپے کی فنانسنگ کی جا سکتی ہے۔ اس سہولت کا مقصد یہ ہے کہ مینوفیکچرنگ یونٹوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے۔

موجودہ منصوبوں کی بی ایم آر اور توسیع کی اجازت دیتے ہوئے اسٹیٹ بینک نے نئے درآمد شدہ اور ملک میں بننے والے پلانٹ اور مشینری کی خریداری کے لیے فنانسنگ کی اجازت دے دی ہے جو فارن ایل سی اور ان لینڈ ایل سی کے عوض فراہم کی جائے گی۔ اس سہولت کے تحت ملنے والی رقم کو پرانی مشینری کی خریداری، زمین کے حصول یا تعمیراتی کاموں پر استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ نیز، ان رقوم کے درست استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے اضافی اندرونی اور بیرونی چیکس اور کنٹرولز بھی متعارف کرائے ہیں۔اس اقدام کی مزید تفصیلات اسٹیٹ بینک کے سرکلر میں ملاحظہ کی جاسکتی ہیں جو اس لنک پر دستیاب ہے: http://www.sbp.org.pk/smefd/circulars/2020/CL9.htm
اس سہولت کے دائرہ کار میں توسیع آنے سے اسٹیٹ بینک کو توقع ہے کہ موجودہ کاروباری ادارے اپنے کاروباری منصوبوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے یہ رعایتی رقم حاصل کریں گے جس کے نتیجے میں اقتصادی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی اور ملازمتوں کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔

کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد معیشت اور صحت عامہ کو سہارا دینے کے لیے اسٹیٹ بینک کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی مکمل فہرست اس لنک پر دستیاب ہے: http://www.sbp.org.pk/corona.asp
اگر ان سہولتوں کو استعمال کرنے والوں کو کورونا وائرس کے تناظر میں اسٹیٹ بینک کے ان اقدامات کے بارے میں مزید تفصیلات درکار ہوں یا اگر انہیں ان اقدامات سے فائدہ اٹھانے میں کمرشل بینکوں کے ساتھ مسائل کا سامنا ہو تو وہ covid19.stimulus@sbp.org.pkپر ای میل کرکے یا 111-727-273 پر فون کرکے اسٹیٹ بینک کی کووڈ19 کی ٹیم سےرابطہ کرسکتے ہیں۔ استعمال کنندگان کو چاہیے کہ وہ مزید معلومات کے لیے اسٹیٹ بینک سے رابطہ کرنے سے پہلے ان ویب صفحات پر دستیاب مواد بشمول متعلقہ سرکلرز اور’اکثر پوچھے جانے والے سوالات‘ کا جائزہ لے لیں۔