24 گھنٹوں میں 5532 ٹیسٹ کیے ہیں جس کے نتیجے میں 598 نئے کیسز سامنے آئے جوکہ کئے گئے ٹیسٹوں کا 10.8 فیصد ہے : سید مراد علی شاہ

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 5532 ٹیسٹ کیے ہیں جس کے نتیجے میں 598 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جوکہ کئے گئے ٹیسٹوں کا 10.8 فیصد ہے۔ انھوں نے کہا کہ ابتک 81610 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جس میں سے 9691 کیسز مثبت آئےہیں اور ہم نے ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھا کر 5600 کردی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج مزید 5 مریض انتقال کرگئے، اس طرح جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 176 ہوگئی ہے جبکہ اس وقت 7575 مریض زیرعلاج ہیں جس میں 6421 مریض گھروں میں، 627 آئیسولیشن مراکز میں اور اسپتالوں میں 527 مریض زیرعلاج ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 91 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور ان میں سے 18 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں اورآج 78 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے اور صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1940 ہوگئی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں نئے کیسز کی تعداد 413 ہے جس میں سے ضلع جنوبی کراچی میں107، ضلع شرقی میں 98 اورضلع وسطی میں 73 ، ملیر میں 58، کورنگی میں47 اور ضلع غربی میں 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 40، شہید بینظیر آباد میں 20 اور شکارپور میں 11، لاڑکانہ میں 10، سکھر اور مٹیاری 9-9، قمبر-شہدادکوٹ میں 8، گھوٹکی میں 6، سانگھڑ میں 4، میرپورخاص، بدین اور دادو میں 3-3 مزید کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ٹنڈو محمد خان میں 2 اور جامشورو میں مزید ایک کورونا کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔