اے آر وائی زرد صحافت کی پہچان بن چکا ہے : جاوید نایاب لغاری

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اور پیپلز یوتھ سندھ کے صدر جاوید نایاب لغاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اے آر وائی زرد صحافت کی پہچان بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے آر وائی کی جانب سے مسلسل سندھ حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے جس کا مقصد وفاقی حکومت کی نالائقی کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔ جاوید نایاب لغاری نے کہا کہ اے آر وائی ایک متنازع چینل بن چکا ہے جسے اپوزیشن جماعتوں کے خلاف پروپیگنڈا مشین کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے آر وائی اور عمران نیازی کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے اور اب میں یہ کہنے میں کوئی عار نہیں سمجھتا کہ اے آر وائی سندھ دشمن نیوز چینل ہے۔ جاوید نایاب لغاری کا کہنا تھا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے مگر اے آر وائی صحافت کی آڑ میں سیاست اور منافقت کر رہا ہے جو کسی بھی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اے آر وائی کے مالکان کو سیاست کا شوق ہے تو تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر کے کھل کر سیاست کریں لیکن صحافت کا لبادہ اوڑھ کر اس مقدس پیشے کو بدنام نا کریں۔