آسٹریلوی فاسٹ بولر جئے رچرڈسن کے کندھے کی سرجری

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جئے رچرڈسن نے کندھے کی تکلیف میں مزید بہتری کے لئے ایک اور سرجری کروائی ہے جئے رچرڈسن کندھے میں تکلیف کے باعث گذشتہ سال کھیل کے میدان سے دور ہوگئے تھے۔ وبائی مرض کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں پوری دنیا میں تمام کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں وہاں رواں سال کرکٹ کھیل کی بھی غیر یقینی صورت حال ہے تاہم جے رچرڈسن کے ڈاکٹرز پرامید ہیں کہ اس دوران رچرذسن کو کندھے کی انجری سے چھٹکارے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کے آخر میں رچرڈسن کے دائیں کندھے کا آپریشن ہوا ہے، ایک سال قبل ان کو پاکستان کے خلاف میچ کے دوران کندھے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا اور چھ ماہ کے لئے کرکٹ سے دور رہنا پڑا تھا۔23 سالہ جے رچرڈسن کندھے کی انجری کے باعث ورلڈ کپ اور ایشز ٹور میں بھی شرکت نہیں کر پائے تھے۔جے رچرڈسن پرامید ہیں کہ وہ کرکٹ سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونے تک کندھے کی انجری سے چھٹکارا حاصل کرلیں گے اور بہت جلد ایکشن میں نظر آئیں گے۔ جے رچرڈسن کو 13 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے، اس دوران انہوں نے ون ڈے میں 24 اور دو ٹیسٹ میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کیں