کرکٹر احمد شہزاد وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کا حصہ بن گئے

سیالکوٹ : کرکٹر احمد شہزاد بھی وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کا حصہ بن گئے اور وزیراعظم کے اقدام کو وقت کی ضرورت قرار دیا، عثمان ڈار نے کہا خوشی ہے کہ عوامی سطح پر شعور بڑھ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد کی سیالکوٹ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں احمد شہزاد نے ٹائیگر فورس کی زبردست پذیرائی پر عثمان ڈار کو مبارکباد دی۔

احمد شہزاد نے وزیراعظم کے اقدام کو وقت کی ضرورت قرار دیا جبکہ عثمان ڈار نےاحمد شہزاد کو ٹائیگر فورس کی خصوصی کیپ بھی پہنائی اور ٹائیگر فورس کی اعزازی ممبر شپ بھی دی
معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ عوامی سطح پر شعور بڑھ رہا ہے، مزید لوگ بھی قومی مہم میں شامل ہوکرہمارےہاتھ مضبوط کریں۔

یاد رہے قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز احمد شہزاد نے وزیراعظم کی ٹائیگر فورس میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان اگر چاہیں تو مجھ سے بھی خدمات لے سکتے ہیں‘۔

خیال رہے وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں آپریشنل کردیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگرز فورس کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی طرح کورونا وائرس پاکستان کیلئےبھی بڑا چیلنج ہے ،برطانیہ جیسے ملک کے وزیراعظم نے والنٹیئر فورس کی اپیل کی، اسی طرح ٹائیگرز فورس رضاکارانہ طورپر ایڈمنسٹریشن کی مدد کرے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹائیگرزفورس مشکل وقت میں ملک کیلئے جہاد لڑےگی، ٹائیگرز فورس میں شمولیت اختیار کرنیوالوں کا مشکور ہوں۔