وزیراعظم نے مختلف طبقات کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا

.
انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران نے مختلف طبقات کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا ہے اور اس میں شفافیت کو یقینی بنایا جارہا ہے ، حکومت انتہائی مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے لیکن اس کے باوجود آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی مختلف شعبوںکو ریلیف دیا جائے گاکہ ہماری معیشت متحرک ہو سکے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کی مختلف یونین کونسلوں کے مستحقین میں  راشن کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں فلاحی تنظیموں اور مخیر حضرات کا کردار قابل ستائش ہے اور اسے تاریخ میں سنہرے لفظوں میں لکھا جائے گا۔ مختلف سروے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے شفاف کردار کی وجہ سے مخیر حضرات نے ماضی کے مقابلے میں مشکل کی اس گھڑی میں پہلے سے بڑھ کر حکومت سے تعاون کیا ہے جو تحریک انصاف کیلئے فخر کی بات ہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سندھ میں عوام کو ملنے والی ریلیف میں بھی خرد برد کی شکایات سامنے آئی ہیں جن کی صوبائی حکومت کو تحقیقات کرانی چاہئیں جبکہ پنجاب میں کرپشن کی ایک بھی شکایت سامنے نہیں آئی ،کچھ مقامات پر ایجنٹس کی جانب سے غفلت کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جن پر فی الفور نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ این اے 127میں پورا رمضان راشن ڈرائیور جاری رہے گی ۔                                                   شعبہ نشرو اشاعت                                                                  0300-8448973