پاکستان پیپلز پارٹی وباء سے لڑنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو قومی ہیرو سمجھتی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز ڈاکٹرز فورم کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا،  اجلاس میں ڈاکٹر کریم خواجہ، ڈاکٹرخیام حفیظ اور ڈاکٹر جاوید اقبال شریک تھے، ڈاکٹر ارسلان دیوان، ڈاکٹر رزاق شیخ، ڈاکٹر یار علی جمالی اور ڈاکٹر نثار احمد خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔  اجلاس میں ڈاکٹر داؤد اقبال، ڈاکٹر عاشق حسین شاہ اور افضل ابڑو کے علاوہ دیگر نےشرکت کی، اجلاس میں چیئرمین   بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو بھی وار زون میں لڑنے والی فورسز کی طرز کا ریلیف پیکیج دیا جائے گا، پاکستان پیپلز پارٹی وباء سے لڑنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو قومی ہیرو سمجھتی ہے،  وفاقی حکومت کا اکنامک بیل آؤٹ پیکج نہ آنے سے لاک ڈاؤن میں نرمی ہوئی اور وباء پھیل گئی،  سندھ حکومت کے عوام کو دئیے گئے ریلیف پیکج پر گورنر دستخط ہی نہیں کررہے ہیں،  وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں بھی کچھ نہیں کررہی جہاں کے عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا،  ہم کہتے ہیں صرف سندھ ہی نہیں بلکہ وفاق تمام صوبوں کی مدد کرے، وفاق اور دیگر صوبوں کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ سندھ کے بروقت اقدامات نے وباء کو پھیلنے نہیں دیا، بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ   پیپلز ڈاکٹرز فورم کرونا جیسی وباء سے محفوظ رہنے کے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنے کی عوام میں بھرپور مہم چلائے۔