اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا،15 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاور ہولڈنگ کمپنی کیلیے چالیس ارب روپے کی ساورن گارنٹی سے متعلق وزارت خزانہ کی سمری پیش کی جائیگی۔ اس کے علاوہ نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی کیلیے مراعاتی پیکج کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ اجلاس میں کپاس کی فصل کی امدادی قیمت سے متعلق سمری بھی پیش کی جائے گی جبکہ اجلاس میں متعدد اداروں کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظوری کیلیے پیش کی جائیں گی۔اجلاس میں رواں مالی سال حکومت کی جانب سے خریدی گئی گندم کی رپورٹ بھی پیش کی جائیگی جبکہ مالی سال 2020-21 کیلئے کپاس کی قیمت کا تعین کیا جائے گا۔
اجلاس میں غربت مٹاؤ اور سماجی تحفظ پروگرام کیلئے ضمنی گرانٹ کی منظوری،کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس کیلئے 30 کروڑ 66 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری،وزیراعظم کے سابق سینیئر پرائیویٹ سیکرٹری کے خاندان کیلئے امدادی رقم کی منظوری،وزارت دفاع کی تجویز پر سپیشل ایجوکیشن سکول کیلئے فنڈز مختص کرنے کی منظوری سمیت سپیشل ٹیلی کام مانیٹرنگ منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کا امکان ہے۔

Courtesy gnn urdu