سائیکل سواروں کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی : نوٹیفکشن جاری

کمشنر کراچی نے سائیکل سواروں کے لئے ایس او پی جاری کردی ، سائیکل سواروں پر لازمی ہوگا کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،  جو خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف ٹریفک قوانین کے تحت کارروائی ہو گی۔ سائیکل بھی ایک گاڑی ہے دوسری تمام گاڑیوں کی طرح اس پر بھی تمام ٹریفک قوانین عاید ہوتے ہیں ۔ لہذا وہ بھی محفوظ سائکل چلانے کے لئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔ ٹریفک سگنلز، ٹریفک اشاروں اور ٹریفک نشانات کے ذریعے دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔ سائیکل چلانے کے لئے لازمی ہو گا کہ وہ سائیکل ہیلمٹ پہنیں۔  سائیکل سواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سائکل پر سوار ہونے سے پہلے سائکل کی حالت کو اچھی طرح چیک کریں۔ یقین کر لیں کہ ٹائر میں ہو ا ہو اور بریک ٹھیک کام کر رہے ہوں۔

 اگر گروپ میں چلارہے ہیں تو سماجی فاصلہ رکھیں ، رات میں سائیکل کے محفوظ اصول پر عمل کریں سائیکل چلاتے وقت سیاہ یا گہرے رنگ کے لباس پہننے سے گریز کریں کہ سیاہ لباس میں رات میں آپ دوسروں کو واضح نظر نہیں آتے۔  سفید یا چمکدار رنگ کا لباس پہنیں ۔سفید لباس پہنے والوں کو رات میں دیکھنا ممکن ہو تا ہے ۔ یا لباس پر کسی بھی قسم کا ریفلیکٹیو میٹریل چسپاں کر لیں تاکہ واضح طور پر دوسری گاڑیاں آپ کو دیکھ سکیں۔ سائیکل پر سامان رکھنے سے گریز کریں اگر سامان رکھنے کی محفوظ جگہ سائکل کے پیچھے ہو تو محفوظ حد تک سامان رکھا جاسکتا ہے۔  یاد رکھیں سڑک کی حالت اور سڑک پر بعض اشیا آپ کے لئے خطرہ کا باعث بن سکتی ہے اس سے بچیں۔  سڑک پر گڑھوں، ٹوٹے شیشوں کے ٹکڑوں سے اور دیگر غیر محفوظ چیزوں سے بچیں جن سے پھسلنے کا خطرہ ہو ۔ سائیکل چلانے کے محفوظ اصولوں پر عمل کریں سڑک پر انتہائی بائیں جانب کم رفتار لین میں چلائیں ٹریفک کی مخالف رخ پر چلانا خطرناک ہے اس سے گریز کریں۔