پاکستان اور ایتھوپیا کا قرضوں میں نرمی کے معاملے پر جامع منصوبہ وضع کرنے پر اتفاق

ایتھوپیا کے وزیراعظم ABIY احمد علی سے ٹیلی فون پر گفتگو
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ہم منصب کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت
رپورٹ :  طارق اقبال 
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ملکوں کو کورونا وائرس پر قابو پانے اور بے روزگاری کے باعث بھوک سے نمٹنے کے دہرے چیلنج کا سامنا ہے۔
پیر کے روز ایتھوپیا کے وزیراعظم ABIY احمد علی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرضوں کی معطلی سے وسائل پر بوجھ کم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کی امداد کیلئے اضافی اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے ایتھوپیا کی حکومت اورعوام سے اظہاریکجہتی کیا اور کورونا وائرس پرقابوپانے کے موثر اقدامات کو سراہا ۔

اس دوران ترقی پذیر ملکوں کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف کے وزیراعظم عمران خان کے عالمی اقدام کے تناظر میں قرضوں میں نرمی کے معاملے پربات چیت کی گئی۔
عمران خان نے عالمی کساد بازاری کے تناظر میں کہاکہ ترقی پذیر ملکوں کو مالی ضروریات ، پائیدار ترقی اور مضبوط نظام صحت کیلئے اضافی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ زندگیاں بچانے کے ساتھ خط غربت تلے زندگی بسر کرنے والوں کو سماجی تحفظ فراہم کیاجاسکے۔
دونوں رہنمائوں نے قرضوں کے معاملے پر جامع منصوبہ وضع کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور دیگر فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اہمیت پراتفاق کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ہم منصب کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔