نادرا میں اموات کے اندراج کیلئے عائد فیس معاف کردی گئی ہے: ثانیہ نشتر

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ نادرا میں اموات کے اندراج کے لیے عائد 50 روپے فیس معاف کردی گئی ہے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ نادرا اموات رجسٹریشن کے مسئلے کو 24 گھنٹے میں حل کرے گاانہوں نے یہ بھی بتایا کہ نادرا احساس ایمرجنسی کیش کے مستحقین کے مسائل جلد حل کرتے ہوئے بائیومیٹرک کی 24 گھنٹے میں تصدیق کردے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس ایمرجنسی کیش کے مستحقین کی آسانی کے لیے شناختی کارڈ کی مدت ختم ہونے والوں کے مسائل کا حل نکالتے ہوئے شناختی کارڈ کی مدت کی شرط ختم کر دی تھی

Courtesy Jang Urdu