وزیراعظم کا ارطغرل غازی کے بعد ایک اور ترکش ڈرامہ نشر کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے مشہور ترک سیریل ” ارطغرل غازی” کو پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر کرنے کی ہدایت کی تھی۔مذکورہ ڈرامہ اردو میں ڈبنگ کے بعد ناظرین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ترکی کا یہ معروف ڈرامہ 13 ویں صدی میں اناطولیا میں سلطنت عثمانی کے قیام سے قبل کے دور کی کہانی کو بیان کرتے ہیں ۔ارطغرل غازی نے دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔
پاکستان میں بھی اس ڈرامے کو خوب پسند کیا جا رہا ہے جب کہ وزیراعظم کی جانب سے ڈرامے کو سرکاری ٹی وی پر دکھانے کے اقدام کو بھی سراہا جا رہا ہے۔تاہم اب وزیراعظم عمران خان نے تاریخ پر مبنی ایک اور ڈرامہ پی ٹی وی پر نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعظم ارطغرل غازی کے بعد ڈرامہ سیریل يونس امرہ بھی پی ٹی وی پر نشر کرنا چاہتے ہیں۔
یونس امرہ ایک صوفی شاعر اور ایک غریب دیہاتی تھے۔ یہ ایک عظیم صوفی کی کہانی ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اللہ اور اسکی تلاش کے لئے وقف کر دی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے پسندیدہ ترکش ڈرامہ سیریل “ارتغل” سے متاثر ہو کر میکسیکشن جوڑے نے اسلام قبول کر لیا تھا۔ پاکستان ٹیلی وژن دنیا کی سب سے بڑی ترک ڈرامہ سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ اردو ڈبنگ کے ساتھ یکم رمضان المبارک سے اپنے ناظرین کیلئے پیش کر رہا ہے۔
پی ٹی وی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈرامہ کی کہانی بارہویں صدی میں مسلمانوں کی عالمی فتوحات، عظیم کارناموں اور عروج کے پس منظر میں لکھی گئی ہے۔ یہ ایک ایسے بہادر جنگجو کی کہانی ہے جس نے ایمان کی طاقت سے دنیا کے سب سے بڑے علاقے پر اسلام کا پرچم بلند کیا۔ موجودہ نسل کو مسلمانوں کی عظمت رفتہ سے روشناس کرانے کیلئے یہ ڈرامہ بلاشبہ ایک شاہکار ہے۔ ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی پی ٹی وی ہوم پر یکم رمضان سے ہر شب رات 9 بج کر 10 منٹ پر پیش کیا جا رہا ہے۔ ڈرامہ کی ہر قسط رات 12 بجے اور اگلے دن 12 بجے نشر مکرر کے طور پر پیش کی جائے گی۔