ملک بھر میں نادرا کے دفاتر کھول دیئے گئے، احساس کفالت پروگرام کیلئے بائیو میٹرک کرانیوالی خواتین کا ہجوم

لاک ڈاﺅن کے سبب ملک بھر میں بند کیے گئے نادرا دفاتر آج سے کھول دیئے گئے ہیں‘کراچی سمیت سندھ بھر میں نادرا دفاتر آج سے شہریوں کے لیے کھول دیئے گئے، میگا سینٹر سمیت دیگر نادرا دفاتر پیر سے جمعرات صبح 10 سے دوپہر4 بجے تک کھلے رہیں گے. دفاترکھلتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد نادرا مراکز پہنچ گئی، احساس کفالت پروگرام کے لئے بائیو میٹرک کرانے والی خواتین کا ہجوم دیکھنے میں آیا،جبکہ احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلوں کو بھی نظر انداز کیا گیا بدین میں نادرا دفاتر کھلنے کی منتظر سینکڑوں خواتین صبح سے ہی نادرا سینٹر پہنچ گئیں، اس موقع پر وہاں احتیاط نظرآئی اورنہ ہی کوئی سماجی فاصلہ دیکھنے کو ملا.
گولارچی، ٹنڈوباگو اور ماتلی کے نادرا دفاتر پر بھی خواتین کا ہجوم امڈآیا، تاہم مرکز کے اندر داخل ہونے پر نظم وضبط قائم رکھنے کی کوششں کی گئی‘حیدرآبادمیں بھی تمام 6 مراکز کو آج سے کھول دیا گیا، شہریوں کے ہجوم کے باعث بدنظمی نظرآئی ، احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلہ بھی نظر انداز کر دیا گیا. ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان خان کے مطابق لوگوں کا غیرمعمولی رش ہے، تاہم نادرا مراکز کی حدود میں عملہ تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کر رہا ہے۔

نواب شاہ ،میرپورخاص،گھوٹکی ،دادو،میں بھی نادرا مراکز کے بعد شدیدبد نطمی نظرآرہی ہے، لاڑکانہ میں مرکزی نادرا مرکز کو عوام کے لئے کھول دیا گیا جہاں خواتین اور مردوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی شہریوں کے ہجوم کے باعث حفاظتی انتظامات اور سماجی فاصلہ نظر انداز کر دیا گیا ٹھٹھہ میں بائیومیٹرک کے لئے آنے والی خواتین کو دائرہ کی شکل میں سمافی فاصلوں کے ساتھ بٹھایا گیا.
ڈائریکٹرجنرل نادرا سندھ میرعجم خان کا کہنا ہے کہ تمام ایس او پیز کے ساتھ کام کا آغاز کردیا گیا ہے، پینشنرز، تنخواہ دار طبقہ سمیت احساس پروگرام کی رجسٹریشن کا کام کیا جارہا ہے انہوں نے شہریوں سے نادرا مراکز کے باہر سماجی فاصلے کا خیال رکھنے کی درخواست کی ہے. دوسری جانب لاہور میں نادرا دفاتر میں آج نئی رجسٹریشن اور بائیو میٹرک کی تصدیق والے سائلین کا پراسس کیا جائے گا دفاتر میں صرف احساس کفالت پروگرام والوں کی بائیومیٹرک تصدیق جاری ہے، نادرا دفاتر میں داخلے کے لئے ماسک ، درجہ حرارت چیک ، ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال لازمی ہے۔

لاہور میں نادرا میگا سینٹر کے باہر سماجی فاصلے رکھنے کی ہدایات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جبکہ خواتین و مرد کی لمبی قطاروں میں کورونا سے بچاﺅ کا کوئی خیال نہیں رکھا جا رہا واضح رہے کہ جمعے کو نادرا کے دفاترصبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک کھلے رہیں گے، نادرا دفاترآنے والے افراد کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے. نادرا دفاتر آنے والے شہریوں کو سماجی دوری برقرار رکھنے کا کہا گیا ہے ، جبکہ نادرا ملازمین کو دوران ڈیوٹی ماسک اور دستانوں کے استعمال کویقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے‘قبل ازیں لاہور میں نادرا دفاتر آنے والوں کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ہدایت نامہ کے مطابق نادرا آنے والے افراد نادرا ہیلپ لائن 8400 پر میسیج ضرور کریں ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ نئی رجسٹریشن اور بائیومیٹرک تصدیق والے سائلین کو ترجیح دی جائے گی.
ترجمان کا کہنا ہے کہ نادرا دفاتر میں داخلے کے لیے ماسک، درجہ حرارت چیک کروانا، ہاتھوں پر سینیٹائزر لگوانا لازمی ہے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ نادرا دفاتر کے اندر اور باہر دی گئی ہدایات پر عمل اور سماجی فاصلہ رکھنا لازمی ہے‘ترجمان کے مطابق رش اور دھوپ سے بچنے کے لیے نادرا آن لائن رجسٹریشن کروائیں