” روہیت شرما ویرات کوہلی سے بڑا کھلاڑی ہے

نئی دہلی : اپنے متنازعہ بیانات کے باعث تنقید کا نشانہ بننے والے بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے ایک بار پھر نئی بحث چھیڑ دی، ان کا کہنا ہے کہ روہیت شرما ویرات کوہلی سے بڑا کھلاڑی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو بہترین کھلاڑی قرار دیئے جانے کے باوجود سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کو ان کی تعریف ہضم نہیں ہورہی، جس کی وجہ سے وہ اکثر ویرات کوہلی کو نیچا دکھا نے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک بیان میں سابق بھارتی اوپنر اور بی جے پی کے رکن پارلیمینٹ گوتم گمبھیر کا کہنا ہے کہ
بھارتی بلے باز روہت شرما موجودہ وقت میں محدود اوورز میں دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں اور وہ اس فارمیٹ میں ٹیم انڈیا کے کپتان ویرات کوہلی سے بہت آگے ہیں۔
گوتم گمبھیر کو یقین ہے کہ ویرات کوہلی اپنے کیریئر میں روہت سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہوں گے،انہوں نے روہت کو محدود اوور کرکٹ کا بہترین بلے باز بتایا لیکن ساتھ ہی کہا کہ وہ اس فارمیٹ کے آل ٹائم بہترین بلے باز نہیں ہیں۔
گمبھیر نے کہا کہ ویرات اور روہیت کے درمیان موازنہ کرنا کافی مشکل ہے، ویرات ضرور روہیت سے زیادہ رنز بنائیں گے اور وہ فی الحال بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں لیکن روہت نے جس طرح کھیل پر اپنا اثر چھوڑا ہے اسے دیکھتے ہوئے وہ اب ویرات سے کہیں آگے ہیں