عید کے بعد نیب دوطرفہ ٹارزن بنے گا: شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نیب قوانین میں جو ترمیم چاہ رہی ہے وہ ممکن نہیں، روزوں کے بعد نیب کی واپسی ہو گی اور عید کے بعد نیب دوطرفہ ٹارزن بنے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ریلوے میں ری اسٹرکچرنگ کر رہے ہیں،وزیراعظم کی ہدایت پر30 ٹرینیں چلادیں گے، کورونا سے 5 ارب روپے کا ماہانہ نقصان ہو رہا ہے، ریلوے مزدوروں کا گریڈ بڑھانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا یہ لاک ڈاؤن ہے؟لاہور میں مذاق ہو رہا ہے،اصل مسئلہ اس بندے کا ہے جس نے عید کا سیزن لگانا ہے اور دکان بند پڑی ہے،15ویں روزے تک شٹر والی دکانیں کھول دینی چاہئیں ورنہ ساری لومز کاکام ختم ہو جائے گا، کاروبار نہیں کھولا گیا تو بیروزگاری کا طوفان آئے گا۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں تبدیلی جلدی ممکن نہیں، اپوزیشن نیب قوانین میں جوترمیم چاہ رہی ہےوہ ممکن نہیں، روزوں کے بعد نیب کی واپسی ہو گی اور عید کے بعد نیب دوطرفہ ٹارزن بنے گا، مارکیٹ میں آنیوالانیب آرڈیننس کامسودہ جعلی ہے، عمران خان کرپشن کرنے والوں کونہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شوگر مافیا پارٹی میں موجود ہے،ایسی کابینہ نہیں دیکھی جس میں آٹا اور شوگر مل مافیا نہ ہو، ملک کے اصل چور اور ڈاکو آئی پی پیز ہیں،آئی پی پیز کی رپورٹ ای سی سی میں آئی،باہر نہیں، یہ لوگ کیوں کسی اور کو شوگر کا کارخانہ نہیں لگانے دیتے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فردوس عاشق اعوان میڈیا پر نظر آئیں گی کیونکہ میڈیا کی عادت جس کو پڑ جائے وہ نہیں جاتی، انفارمیشن منسٹری میں زبردست ٹیم آ گئی ہے، پردہ سکرین کے لیے شبلی فراز ہے اور پیچھے باجوہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو چاہتے ہیں عمران خان حکومت ان کی جھولی میں ڈال دیں،شہباز شریف کے ستارے گردش میں ہیں،شہباز شریف پورے جتن میں ہیں ان کو بیرون ملک جانے دیا جائے۔

Courtesy GNN Urdu