تھرپارکر کا ہندو نوجوان راہول دیو پاکستان ایئر فورس کا پائلٹ بن گیا

تھرپارکر کا ہندو نوجوان پاکستان ایئر فورس کا پائلٹ بن گیا۔تفصیلات کے مطابق تھرپارکر کے گاؤں سے تعلق رکھنے والا راہول دیو پاکستان ایئر فورس میں جی ڈی پائلٹ منتخب ہوگیا ہے۔وزارت داخلہ کے پرنسپل اسٹاف آفیسر رفیق احمد کھوکھر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں راہول دیو کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ہے ’راہول کو پاکستان ایئرفورس  کا جی ڈی پائلٹ بننے پر مبارکباد۔
وہ سندھ کے علاقے تھرپارکر کے گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں ،ہماری نیک خواہشات اور دعائیں ہمیشہ راہول کے ساتھ ہیں۔ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بھی راہول دیو کے لئے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ایک صارف کا کہنا ہے کہ کورونا کی پریشان کن صورتحال میں یہ ایک اچھی خبر ہے، تھرپارکر نے ایک بار پھر بازی مارلی۔

راہول دیو کو مبارک ہو۔یاد رہے کہ گذشتہ سال جنوری میں بھی ایک ہندو خاتون سُمن پون بوڈانی کو سول جج تعینات کیا گیا تھا اور انہیں مجسٹریٹ بنایا گیا تھا۔ ایک ڈاکٹر کیلاش گروادہ پاکستانی فوج کے پہلے میجر بنے ہیں۔
ڈاکٹر کیلاش گروادہ پوری شان و شوکت سے آرمی کا یونیفارم زیب تن کرتے اور سبز ہلالی پرچم کو دوسرے افسران کی طرح اپنے سینے پر سجاتے ہیں۔ ڈاکٹر کیلاش نہ صرف میجر ہیں بلکہ انہوں نے اپنی خدمات کے لیے ماضی میں کئی اہم ایوارڈز بھی اپنے نام کیے ۔ پاکستان کو اگرچہ اسلام کے نام پر مسلمانوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کے لیے حاصل کیا گیا تھا لیکن یہاں پر بسنے والی اقلیتوں کو بھی مکمل طور پر مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔پاکستان میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔پاکستان بھر میں موجود اقلیتی برادری کے لوگ مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔