وفاقی وزرا کی بیان بازی سےان کے آقا تو ضرور خوش ہوںگے لیکن ملک و قوم کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

پیپلز پارٹی سی ای سی کے ممبر اور رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپورنے وفاقی وزرا کی پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر کی جانے والی تنقید کو وفاقی حکومت کی کورونا کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کو قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے لاک ڈاون کر کے ہی کورونا کے کیسز کو خاصی حد تک کنٹرول کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا بیان بازی کے بجائے اگر عملی کام کریں تو بہتر نتائج آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایکسپو سینٹر میں ناقص انتظامات کی وجہ سے وہاں مریضوں میں شدید بیچینی پائی جاتی ہے اور وہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ یہاں کے قید خانے کے بجائے ہمیں گھر میں آئیسولیشن میں رہنے دیا جائے جس کی ویڈیو بھی وائرل ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی نے بھی صحت کے شعبے کے کام کو ناقص قرار دیا ہے ۔

نواب یوسف تالپور نے کہا کہ ان وزرا کی بیان بازی سے ان کے آقا تو ضرور خوش ہوں گے لیکن ملک و قوم کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی اور نیویارک کی آبادی تقریبا” برابر ہے لیکن وہاں اموات کی شرح کئی گنا زیادہ ہے اس کی وجہ صرف سندھ حکومت کا فوری لاک ڈاون کرنا اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرانا ہے۔