اظہرعلی اور اسد شفیق نے پسندیدہ بیٹسمین کے نام بتا دئیے

لاہور: پی سی بی کی جانب سے خوابوں کی جوڑی بنانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، اس میں مداحوں کے ساتھ ساتھ قومی کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے خوابوں کی جوڑی بنانے کا سلسلہ شروع کیا گیا، جس میں ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے بھی حصہ لیا اور اپنے پسندیدہ بلے بازوں کا نام بتادیا۔

اظہر علی نے کہا کہ یہ ایک اچھا سلسلہ ہے جس میں شائقین کرکٹ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور شائقین کو موقع مل رہا ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی جوڑیاں بناسکیں۔

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ انضمام الحق میرے پسندیدہ کرکٹر ہیں، ان کے ساتھ بیٹنگ کی خواہش تھی لیکن میں ٹیم میں جلد نہ آسکا اور اس طرح انضمام الحق کے ساتھ بیٹنگ کا خواب ادھورا رہ گیا
دوسری جانب مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے جاوید میانداد کو پسندیدہ کرکٹر قرار دیا اور کہا کہ پی سی بی کا یہ ڈریم ٹیسٹ پیئر کا سلسلہ بہت دلچسپ ہے، اگرچہ یہ تصوراتی پیئر ہیں لیکن سب کو اپنی پسند کے اظہار کا موقع مل رہا ہے۔

اسد شفیق نے کہا کہ میں جاوید میانداد سے بہت متاثر ہوں، میں ان کی اسکلز کا فین تھا جس طرح وہ بولرز کے دماغ کے ساتھ کھیلتے اور بولرز کو دباؤ میں لاتے تھے میں اس سے بہت متاثر تھا، میں جاوید میانداد کے ساتھ بیٹنگ کرنے کا خواہش مند ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی ٹوینٹی کپتان بابر اعظم نے سابق کپتان یونس خان اور محمد یوسف کو اپنی آل ٹائم فیوریٹ جوڑی قرار دیا تھا