صوبے بھر میں 5 سو 20 ناجائز منافع خوروں پر 9 لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا، ڈاکٹر کھٹو مل جیون 

کراچی : گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 5 سو 20 ناجائز منافع خوروں پر 9 لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیاگیا، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا ہے کہ ماہ رمضان کے آغاز سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسیز کے افسران روزانہ کی بنیاد پر ناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائی کر رہے ہیں جبکہ غیر میعاری اشیاء فروخت کرنے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھی صوبے بھر میں کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔یہ بات انہوں نے اپنے جاری ایک بیان میں کہی۔  ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 2 ہزار 7 سو سے زائد دوکانوں , پھل و سبزی فروشوں اور دیگر اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں کو چیک کیاگیا اور سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی , غیر میعاری اشیاء کی فروخت اور ناجائز منافع خوری پر صوبے بھر میں 5 سو 20  گراںفروشوں اور دکانداروں پر 9 لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ڈویژن میں 98 منافع خوروں پر 4 لاکھ 70 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی 4 سو سے زائد منافع خوروں پر تقریباً 4 لاکھ 80 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔  ڈاکٹر کھٹو مل جیون کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسیز کے دفتر میں قائم مرکزی شکایتی سیل صبح 9 بجے سے افطار کے وقت تک کام کررہا ہے۔ جہاں عوام اپنی شکایات بزریعہ ٹیلیفون نمبر 021.99244608 اور ای میل ایڈریس bspadprices@gmail.com پر درج کرائی جاسکتی ہے۔