شعیب اختر پی سی بی کے قانونی مشیر کے ساتھ قانونی جنگ کے لیے تیار

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کے ساتھ قانونی جنگ کے لیے تیار ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کے ساتھ قانونی جنگ کے لیے معروف قانون دان ابوذر سلمان نیازی کی خدمات حاصل کرلیں۔

شعیب اختر نے کہا کہ اپنے ایک ایک لفظ پر قائم ہوں، سلمان نیازی ایڈووکیٹ کو مناسب جواب بھیجنے کا کہا ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے شعیب اختر کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا تھا
تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ شعیب اختر نے میرے حوالے سے جس طرح کے ریمارکس دئیے اس سے میری ساکھ متاثر ہوئی، شعیب اختر نے سوشل میڈیا پر میرے خلاف باتیں کیں۔

یاد رہے کہ شعیب اختر نے عمر اکمل پر تین سال کی پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی سی بی نے عمر اکمل پر غصہ نکالا ہے، تین سال کی پابندی بہت زیادہ ہے۔

شعیب اختر نے پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی پر بھی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ تفضل رضوی تمام کھلاڑیوں کے کیسز الجھاتے ہیں وہ ماضی میں مجھ سے بھی کیس ہار چکے ہیں