بھارتی ٹیم 30 مہینے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے محروم

تازہ ترین سالانہ اپ ڈیٹ کے بعد آسٹریلیا نے بھارت کو 30 مہینے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے محروم کردیا ہے۔ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا نے 116 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 115پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہے جب کہ بھارتی ٹیم دو درجے تنزلی کے بعد اب 114 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
بھارتی ٹیم نے اکتوبر 2016ء میں پہلی مرتبہ ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی جس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ 17-2016ء میں بھارتی ٹیم نے 12 ٹیسٹ جیتے تھے اور صرف ایک ٹیسٹ ہارا تھا تاہم اب یہ ریکارڈ تازہ ترین تازہ اپ ڈیٹ سے خارج کردیئے گئے ہیں۔ بھارتی ٹیم نے اس عرصے میں تمام پانچوں سیریز جیتی تھیں جن میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز بھی شامل تھیں جب کہ دوسری طرف اسی عرصے میں آسٹریلیا کی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے ساتھ ہی بھارت سے بھی شکست ہوئی تھی
جنوبی افریقی ٹیم کو تازہ ترین اپ ڈیٹ سے سب سے زیادہ 8 پوائنٹس کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اس وجہ سے وہ سری لنکا سے نیچے چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔ پروٹیز نے 17-2016ء میں تین سیریز اپنے نام کی تھیں جب کہ فروری 2019ء کے بعد سری لنکا ، ہندوستان اور انگلینڈ کے خلاف کھیلے ہوئے اپنے نو ٹیسٹ میں سے آٹھ میں شکست کھائی ہے